مسلم بچیوں اور طالبات میں دینی شعور کی بیداری کے لئے جی آئی او کی مہم

ڈیڑھ ماہ تک جاری رہنے والی مہم ’’ہم روشن روشن مستقبل ‘‘میں موجودہ دور کے چیلنج 
کو سامنے رکھتے ہوئے بچیوں کے لئے مفیدتعلیمی ،سائنسی پروگرام منعقد ہونگے


دور حاضرمیں بڑھتی ہوئی بے راہ روی ، اخلاقی گراوٹ اور انسانیت سوز واقعات نے ہر حساس،ذی فہم شخص کو مضطرب کر دیا ہے۔برائیوں کے اس سیلاب میں خصوصاً نئی نسل کا مستقبل مخدوش ہو گیا ہے۔ اس نئی نسل کو سماجی اور اخلاقی بحران سے نکال کر صحیح خطوط پر ان کی تربیت کرنا وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ اس تقاضے کو محسوس کرتے ہوئے گرلز اسلامک آرگنائزیشن مہاراشٹر ساؤتھ زون ،شعبہ چلڈرن سرکل نے ۹ تا ۱۴ سال کی طالبات کے لئے چلڈرن فیسٹیول بعنوان:’’ہم روشن روشن مستقبل‘‘(۹ ؍نومبر تا ۲۱؍دسمبر)کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیسٹیول طالبات کی عمر اور ان کے رجحانات کو مد نظر رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے ۔اس میں ۴؍چار کوئز مقابلے اور ۵؍ پانچ فن کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے ساتھ ہی اسکولی سطح پر ڈرامہ مقابلہ بھی منعقد کیا جائے گا۔بچیوں میں شعوری ایمان پیدا کرنے،اخلاقی تربیت اور ان کے سامنے نبی ﷺ ،انبیاء کرام ؑ ، صحابہ کرامؓ کے رول ماڈل کو واضح کرنے کی غرض سے ’’سیرت کوئز‘‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ساتھ ہی قرآن وحدیث کی تعلیمات اور روز مرہ کے معمولات میں نبی ﷺکی سنتوں کو طالبات کے سامنے اجاگر کرنے کے لئے ’’حفظ سورتیں ،احادیث ودعائیں مقابلہ‘‘کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔طالبات میں سائنس کے رجحانات کو فروغ دینے اور علم کے میدان میں اسلاف کے کار ہائے نمایاں کو پیش کرنے کی غرض سے’’قرآن، سائنس اور مسلم سائنسداں کوئز‘‘ فیسٹیول کے مقابلوں میں شامل کیا گیا ہے۔ساتھ ہی طالبات کو ایک ذمہ دارشہری کا رول ادا کرنے کے لئے تیار کرنے اور اسلام کے سیاسی ومعاشی نظام کی اہمیت وافادیت کو واضح کرنے کے لئے ’’شہریت ومعاشیات کوئز‘‘بھی منعقد کیا جا رہا ہے۔ ان چاروں کوئز مقابلوں کے لئے’’ جی آئی اوشعبہ چلڈرن سرکل‘‘ نے کتابچے ترتیب دیئے ہیں۔یہ کتابچے بہت ہی مفید ، معلوماتی اور نہایت آسان زبان میں دیدہ زیب سر ورق کے ساتھجی آئی اوشعبہ چلڈرن سرکل نے شائع کیا ہے۔نیز یہ کتاب حصہ لینے والی تمام طالبات کو مہیا کی جائے گی۔ مہارتی مقابلوں ،فن کے مقابلوں میں(ڈرائینگ،فیبرک پینٹنگ،گلاس پینٹنگ،کارڈ میکنگ اور ردی کا صحیح استعمال )مقابلے شامل ہیں ۔ مندرجہ بالا تما م مقابلے عمومی سطح کے ہیں کوئی بھی طالبہ ان میں حصہ لے سکتی ہے، تمام مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے نہایت معمولی فیس ہے۔کوئز مقابلوں کے لئے فی مقابلہ ۴۰ /۵۰؍ روپئے اور فن کے مقابلوں کے لئے فی مقابلہ ۲۰ ؍روپئے۔ اور ساتھ ہی اسکولی سطح پر ڈرامہ مقابلہ بھی رکھا جائے گااس مقابلے میں ممبئی اور تھا نہ کے تمام اسکول حصہ لے سکتے ہیں بشرط یہ کہ وہ جی آئی اوسینٹر پر با قائدہ رجسٹریشن کروائیں۔ممبئی و تھانہ میں یہ فیسٹیول ڈویژنل سطح پر رکھا گیا ہے، ہر مقابلہ دو سطح پر ہوگاایک مقامی سطح پر اور دوسرے ڈویژن پر۔ اس فیسٹیول کے لئے ممبئی اور تھانہ میں جی آئی او کے کئی سینٹرز پر رجسٹریشن جاری ہیں ۔ سینٹرز:۔(بائیکلہ،کرلا ، ساکی ناکہ،ممبرا،میراروڈ،نالہ سوپارہ،اندھیری(ملت نگر)،جوگیشوری،ملاڈ،مالونی،تھانے، کلیان ، بھیونڈ ی ،وکھرولی(پارک سائٹ)اور وکھرولی (ٹیگور نگر) ان مختلف مقابلوں کا پہلا راؤنڈ ۹،۱۶ ،۲۳ ؍نومبر۲۰۱۴ء ؁ کو ہوگا جس کا شیڈول رجسٹریشن کے وقت کاؤنٹر پر دیاجائے گا،دوسرا راؤنڈ جو ڈویژنل سطح پر ہے وہ ۲۱؍دسمبر ۲۰۱۴ء ؁کو وائی ایم سی اے میدان ممبئی سینٹرل میں ہوگااور اسی دن فیسٹیول کا کنونشن ڈے ہوگاجس میں انعامات کی تقسیم کی جائے گی ساتھ ہی اسکولی سطح پرہونے والا’’ ڈرامہ مقابلہ‘‘بھی منعقد کیا جائے گا۔فیسٹیول میں حصہ لینے والی ہر طالبہ کوشرکت کرنے کا سپاسنامہ دیا جائے گا۔نیز عمومی سطح پر ٹاپ رینکراور مختلف سطح پر اول ،دوم اور سوم آنے والی طالبات کو سپاسنامہ اور ٹرافی سے نوازا جائے گا۔۲۱؍دسمبر ۲۰۱۴ء ؁ کو فیسٹیول کے آخری دن ایک معلوماتی،دلچسپ اور رنگا رنگ پروگرام ہوگاجس کے ابتداء میں تمام مقابلوں کے فائنل راؤنڈ ہوں گے ،نہایت معلوماتی نمائش کے ساتھ ہی بچیوں کی تفریح کے لئے تفریحی اسٹال پر مختلف کھیل کے انتظامات ہوں گے اور آخر میں اختتامی پروگرام اور تقسیم انعامات کی تقریب ہوگی جس میں معززین شہر،صدر تنظیم ۔اور دیگرذمہ داران جی آئی اوشرکت کریں گے ۔زیادہ جانکاری کے لئے ویب سائٹ اور موبائل پر رابطہ کریں 

Phone: 7303883283 Web:  www.GIOmsz.org

تمام ہی والدین و اساتذہ ،ائمہ مساجد،منتظمین مدرسہ اور سماج کے ذمہ دار افراد سے اپیل ہے کہ وہ ملت کی بچیوں کو اس مفید فیسٹیول میں ضرور شرکت کروائیں اور طالبات کی صحیح تربیت کے لئے ان کے رجحانات کو مد نظر رکھ کر کی جانے والی جی آئی اوکی کوششوں کا بھر پور ساتھ دیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

Leave a Reply